Monday, 10 August 2020

ہوٹل روزویلٹ کا معاملہ!

گزشتہ برس دسمبر کے پہلے ہفتے میں ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس ہوا تھا ۔ کمیٹی چئیرمین مشاہد اللہ خان  ( ن لیگ) کی زیر صدارت جعلی ڈگریوں کے حوالے سے(جائزہ کمیٹی سے) پروگریس رپورٹ طلب کی گئی تھی۔اس اجلاس کی رپورٹ میں نے اپنے کالم کے ذریعے شائع کی تھی۔مشاہد اللہ خان ایسے جعلی ڈگری رکھنے والے لوگوں کو نوکری سے نکالنے کی مخالفت کرتے رہے اور نوکری سے نکالنے کی بجائے کوئی اور سزا تجویز دینے پر مضر تھے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بیروزگار نہ کریں۔مشاہد اللہ خان چونکہ خود نواز دور حکومت میں پی آئی اے کے کرتا دھرتا رہے اور تھوک کے حساب سے بھرتیاں کرتے رہے اس لئے میرا خیال تھا کہ وہ اس وقت بھی اپنے لوگوں کو بچانا چاہتے تھے۔

ن لیگ حکومت کے جانے کے بعد بھی پی آئی اے کی نجکاری توکبھی فروخت کی خبریں اسی طرح گردش میں ہیں جس طرح ہر حکومت کے دور میں ہوتی ہیں،اب پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ایک بار پھر پی آئی اے  کے ساتھ  ساتھ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کا معاملہ گرم ہے اور سنا ہے کہ ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے اس کی سمری تیار کردی گئی ہے۔متوقع اجلاس کی صدارت مشیر خزانہ حفیظ شیخ کریں گے۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ہوٹل کی نجکاری سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی آمدن متوقع ہے۔بعض لوگ نجکاری کے اس فیصلے کا خیرمقدم کر رہے ہیں جبکہ بعض  پاکستان کے اس قیمتی اثاثے کی فروخت کا منصوبہ قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنا رہےہیں۔ بات یہ ہے کہ جب جب روزویلٹ کا نام آتا ہے کہ عمران خان کے قریبی دوست اور پی ٹی آئی حکومت کے  معاون خصوصی زلفی بخاری کا نام بھی ساتھ ہی سننے میں آتا ہے جن کے متعلق بتایا جارہا ہے کہ وہ بیک گراونڈ میں ا س کے ڈیلرہیں۔

اس سال فروری میں جب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا تو  وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی جانب سے یہ بات کہی گئی کہ روزویلٹ ہوٹل بیچا نہیں جا رہا بلکہ لیز پر دینے کی تجویز ہےاور وجہ بتائی گئی کہ پی آئی اے کے پاس فنڈز  اور نہ ہی جہاز ہیں۔ اس وقت وہاں موجود جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن نے بھی کہاکہ پی آئی اے خسارے کا شکار ہے۔

البتہ یہ بات بھی زیر بحث ہے کہ اس  سے قبل اس مقصد کیلئے جو ٹاسک فورس قائم کی گئی تھی اس میں وزیراعظم عمران خان کے خاص دوست زلفی بخاری کو بھی شامل کیا گیا تھا جس پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی چوہدری غلام سرور  نے اعتراض کیا تھا کہ ان کی وزارت میں ان کے علم میں لائے بنا ہی  ان کے بندوں کا تبادلہ کردیا جاتا ہے (سابق سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ کو وزیراعظم نے ان کے عہدے سے راتوں رات ہٹا دیا تھا)اور دیگر لوگوں کو شامل کردیا جاتا ہے، ان کا اشارہ (وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاکستانی )سید زلفی بخاری کی طرف تھا جنہیں اس کمیٹی میں شامل کردیا گیا تھا جب کہ ان کا تعلق تو سمندر پار  پاکستانیوں کے معاملات سے  ہے۔

روزویلٹ ہوٹل کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ ہر دور حکومت میں ارباب اختیار کی رالیں اس قیمتی اثاثے کے لئے  ٹپکنے لگتی ہیں کہ کب اس سونے کے انڈے دینے والی مرغی کو بیچا جائے اور اپنا شئیر لیا جائے ۔اس کی اہمیت جاننے کے لئے اس کی مختصر تاریخ کچھ یوں ہے کہ امریکی شہر نیو یارک کے مہنگے ترین علاقے مین ہیٹن میں واقع تاریخی ہوٹلوں میں شمار  ہونے والا  یہ روزویلٹ ہوٹل جس کا افتتاح ؁ ۱۹۲۴ میں ہوا ، ہزار (۱۰۰۰) سے زائد کمروں پر مشتمل اس ہوٹل میں ۵۰ کے لگ بھگ لگژری سویٹس ہیں۔

پی آئی اے نے اپنے سنہرے دنوں میں( 1969 )میں اس ہوٹل کو ایک سعودی شہزادے کی مدد سے لیز پر لیا تھا ، ڈیل کے تحت پی آئی اے اس ہوٹل کو ۲۰سال بعد خرید سکتا تھا اور جب ۹۰ء  کی دہائی میں معاہدے کے تحت پی آئی اے نے  ہوٹل خریدنے کا ارادہ کیا تو ہوٹل کے مالک نے عدالت میں مقدمہ کر دیا کہ طے شدہ رقم مارکیٹ ویلیو سے بہت کم ہے، اس کا بہت نقصان ہوگا۔ لیکن خوش قسمتی سے پی آئی اے کی انتظامیہ معاہدے کی رو سے یہ مقدمہ بالآخر جیت گئی اور ۱۹۹۹؁ میں  یہ تاریخی اہمیت والا ہوٹل مکمل طور پر پی آئی اے کی ملکیت میں آگیا۔سعودی شہزادے کے جو ایک یا دو پرسنٹ شئیرز  تھے وہ بھی لے لئے گئے کیونکہ تقریبا ۹۹ فیصد شئیرز تو پی آئی اے نے پہلے ہی خرید لئے تھے۔

اس کے بعد مشرف دور میں اس ہوٹل کی تزئین و آرائش میں ۶۵ ملین ڈالر خرچ کرکے اسے ایک بلین ڈالر قیمت پر بیچنے کے لئے پیش کردیا گیا لیکن اس وقت امریکی معیشت نازک دور سے گزر رہی تھی جس کی وجہ سے اس کی قیمت کوئی ادا نہ کرسکتا اور یہ پھر سے پی آئی اے کے استعمال میں آنے لگا۔
جنرل مشرف کے بعد  زرداری دور میں بھی اس کو بیچنے کی کوشش کی گئی اور جب نواز شریف دوبارہ اقتدار میں آئے تب بھی اس ہوٹل کو ایک بار پھر بیچنے کے متعلق بازگشت سنائی دی بلکہ یہاں تک سنا گیا کہ نواز شریف نے ہوٹل کا سودہ اپنے قریبی فرنٹ مین میاں منشاءکے ساتھ کر نےکا ارادہ کرلیا ہے۔اس کی قیمت سے چند فیصد نواز شریف نے اپنا کمیشن بھی نکالنے کا پلین بنایاتھا لیکن ان کی حکومت کے حالات خراب سے خراب تر ہونے کے سبب یہ ڈیل بھی نہ ہوسکی۔

اس ساری صورتحال میں پاکستانی عوام یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ملک میں تقریبا سبھی ادارے گھاٹے میں جارہے ہیں تو جو دو چار آنے منافع کی شکل میں کما کر دینے کے قابل ہیں ان کو بیچنا کس کے مفاد میں ہے ؟ روزویلٹ کی طرح پیرس میں بھی ایک ہوٹل منافع کما کر دے رہا تھا جو اب کورونا کے سبب اسی معاشی کشمکش کا شکار ہے ،سنا ہے کہ وزیراعظم کے دوستوں کی عقابی نظر اس پر بھی ہے۔اس کے حوالے سے بھی ہم عوام کو آگاہ کریں گے البتہ ارباب اختیار سےبار پرس کرنا ہمارے اختیار میں نہیں۔

بھنڈی ‏

بھنڈی سبزیوں کی ملکہ عالیہ!

بھنڈی سبزیوں کی ملکہ عالیہ ہے۔اس بات میں ہمیں تو قطعا کوئی شک نہیں۔
ہمار ے یہاں جب بھنڈی پکتی تو ماں کو ہانڈی پہ پہرہ لگوانا پڑ جاتا کہ دسترخوان لگنے سے پہلے کہیں ساری بھنڈی چکھتے چکھتے نہ مُکا دے یہ لڑکی۔ میں تو ہانڈی سے ہی اچک لیتی تھی۔ امی نے حل یہ نکالا تھا کہ مجھے بھنڈیوں کو دھو کر کاٹنے کا کام سونپنا شروع کیا تاکہ میں اس کام سے تنگ آکر بھنڈیوں کی جان چھوڑ دوں لیکن میں اس کی ڈوڈیاں بھی متھے پہ چپکا لیتی تھی کہ رسم محبت پوری طرح سے ادا ہو۔

 

امی کبھی دوسرے شہر جاتیں تو میں ابو سے فرمائش کرتی تھی کہ مجھے بھنڈی کھانی ہے خیر وہ تو ابو کو بھی بہت پسند تھی۔ لیکن ابو ادرک کا استعمال بہت کرتے تھے۔ البتہ ابو کی بنائی ہوئی بھنڈی کا مقابلہ بھی آج تک کوئی نہ کرسکا۔یہ اللہ کی وہ نعمت ہے جو ہمارے من کا سلوی ہے۔

 

ایران میں بھنڈی کو سالم پکایا جاتا ہے۔ایرانی کہتے ہیں کہ ہماری بھنڈی میں کیڑا نہیں ہوتا اور وہ ایسی ننھی منی بھی نہیں ہوتی بلکہ خوب لمبی اور شاداب ہوتی ہے۔ہماری پڑوسی ایرانی خاتون نے ایک دفعہ سالم بھنڈی بنائی۔بھنڈی کو دھوکر مصالحے کے ساتھ ثابت پکایا جاتا ہے۔ جب دسترخوان پہ بیٹھے۔کھانا شروع کرتے ہوئے بھنڈی کو نوالا بنانے کے لئے ذرا دبایا تو کیڑوں کا ڈھیر پلیٹ میں پھیل گیا بچاری گھبرا گئی کہ یہ کیا؟ ان کے تو وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ بھنڈی میں ایسے ہٹے کٹے سنڈی نما کیڑے بھی ہوسکتے ہیں۔بچاری کے ایران سے آئے مہمان بھی ہکا بکا رہ گئے۔ پھر ہماری دوست نے انہیں سمجھایا ۔ ... پاکستان میں ہر شے میں کیڑا پایا جاتا ہے۔اسی لئے تو ہمیں بھی عادت ہے کہ ہم ہر شے میں کیڑے نکالتے ہیں۔ 

اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے

موجودہ سیاسی منظر نامے پہ بات کرنے سےقبل وزیر اعظم عمران خان کے دو انتہائی اہمیت کے حامل اجلاس کی صدارت سے متعلق کچھ بات کر لی جائے تو مناسب ہے۔
ایک اعلی سطح کا نیشنل سیکیورٹی اجلاس جس میں چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیف آف ائیر سٹاف ائیر مارشل مجاہد انور خان چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے ساتھ وزیر دفاع پرویز خٹک نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں ملکی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان کے جغرافیائی حالات سالمیت سے متعلق اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
گزشتہ دنوں ایک ننھے کشمیری بچے کی اپنے شہید نانا کے سینے پہ بیٹھے، بےبسی کی تصویر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ بھارت کا ڈراونا اور سفاک چہرہ دنیا کے سامنےایک بار پھر آگیا تو یہی وقت تھا جب کشمیریوں کی آواز بھی بلند کرنے کے لئے پاکستان کو حرکت میں آنا چاہیے۔ باجود کوشش اور بارہا احتجاج دنیا کی آنکھوں سے بھارت سے جڑے مفاد کے سبب جو پٹی بندگی ہے اسے کھولنے کے لئے کچھ کرنے کا یہی وقت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے رواں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ، کرفیو اور روز روز نہتے کشمیریوں کی شہادتیں اقوام عالم کی بے حسی کا مظہر ہیں۔قدرت نے ساری دنیا کو لاک ڈاون میں ڈال دیا کہ کیسا لگتا ہے جب آپ جائز ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہوں؟ کیسا لگے گا جب آزاد فضاوں میں سانس لینا آپ کی جان کو خطرے میں ڈال دے؟ کیسا لگ رہا ہےکشمیریوں کی طرح گھروں میں قید اور رزق کی کمی کاشکار ہوکر ذہنی کوفت سے گزرنا؟ لیکن کیا دنیا نے کچھ سیکھا؟ نہیں کچھ بھی نہیں سیکھا۔ جس کا داو لگا اس نے اب بھی دوسرے کا گلا گھونٹ کر خود کو ذرا سا نفع دینے کی کوشش کی۔ اس آفت نے بھی دنیا کے انسانوں کو کوئی خاص سبق نہ سکھایا اور نہ کوئی اپنی سفاک روش سے باز آیا۔
بحرحال اس وقت تمام تر بحرانوں کو ایک طرف رکھ کر وزیراعظم کا سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کرنا یقینا خطے کی بدلتی صورتحال کی جانب ایک واضح اشارہ ہے کہ دشمن ہماری اندرونی کمزرویوں سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
کل جو دوسرا اہم اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا وہ پاک چین اقتصادی راہدرای منصوبہ سے متعلق تھا۔اس میں وزیراعظم عمران کے ہمراہ وفاقی وزیر اسد عمر، عمر ایوب ، خسرو بختیار جنرل ریٹائرڈ عاصم باوجوہ جو چیئرمین سی پیک اتھارٹی ہیں اور مشیر تجارت رزاق داود بھی شریک تھے۔
یقینا یہ دونوں اجلاس انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ خصوصا ایسے حالات میں جب عمران خان کی حکومت کے لئے کورونا وائرس ایک چیلنج ہے تو بڑھتی مہنگائی، انرجی کرائسس، لوڈ شیڈنگ اور پٹرول کی قیمت، تعلیمی نظام درہم برہم اور پھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے سے سر اٹھاتی دہشت گردی نے حکومت کو مزید چینلنجز میں ڈال دیا۔
عمران خان کے الیکشن میں کامیاب ہونے سے قبل ہمیں گزشتہ حکومتوں کی لوٹ مار اور سرکاری خزانے کے حالات دیکھتے ہوئے مستقل کا حال تو اچھا نظر نہیں آتا تھا لیکن اتنا برا ہوگا ،یہ بھی امید نہ تھی۔وہی لوگ جو گزشتہ ادوار میں حکومت کا حصہ تھے وہی اب بھی ہیں ،لیکن کیا وجہ ہے کہ وہ پہلے سے بھی بدترین پرفارمنس دے رہے ہیں؟ اپنے مال پیسہ بنانے کے لئے محنت کرنے والے آج عمران خان کے زیر اثر بھی اپنا ہی مفاد سامنے رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمیں تو خان صاحب نے تسلی دی تھی کہ آپ میرا یقین کیجئے ،جب میں خود ٹھیک ہوں تو میرے زیر سایہ کام کرنے والے بھی ٹھیک ہی کام کریں گے۔ لیکن لگتا ہے الٹ ہوگیا۔ زیر سایہ کا سایہ خان صاحب پر ایسا اثرانداز ہوا کہ وہ خود بھی یہ نہیں سمجھ پا رہے کہ اچھا کیا ہے اور برا کیا ؟ جو کام ان کے معاون و مشیرجس طرح چاہتے ہیں اسی طرح کروا لیتے ہیں اور خان صاحب کو برا بھی نہیں لگتا،ایسا کیوں؟
بہت سوچ بچار اور عمران خان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مجھے یہی سمجھ آرہی ہے کہ خان صاحب کا مسئلہ یہی ہے کہ وہ لانگ ٹرم پلیننگ نہیں کرسکتے۔ بس جو سامنے پڑا ہے اسی کو دیکھ کر فیصلہ کردیتے ہیں۔ اب اس کی ایک مثال پی آئی اے والا معاملہ ہے۔ اگر اس مسئلہ پر تھوڑی تحقیق کروا لیتے اور اس کے ردعمل کا جائزہ لے لیتے تو شاید اتنی سبکی اور نقصان نہ ہوتا جتنا اب ہوگیااور حیرت ہے کہ جناب سرور صاحب جو گزشتہ ادوار میں بھی حکومتوں کا حصہ رہے انہوں نے کیسا بلنڈر مارا؟ حیرت ہے کہ کوئی وزیر مشیرسوچتا نہیں کہ وہ کیا کررہا ہے؟ ایسا لگتا ہے خدا نے گنجے کو ناخن دے دئیے اور اپنے ہی ہاتھوں اپنے سر کو لہو لہان کئے جارہا ہے بالکل ایسی ہی مثال اس وقت پی ٹی آئی حکومت کی ہے۔

ہمیں فکر ہے کہ ایک طرف ملک کو جغرافیائی لحاظ سے سلامتی کےخطرات کا سامنا ہے تو دوسری طرف اندورنی طور پر معاشی نظام درہم برہم۔باوجود یہ کہ ہمیں اپنے دفاع اور اس سے بھی زیادہ اللہ کی ذات پہ بھروسہ ہے، یقینا پاکستان کا دفاع مضبوط ہے لیکن حکومت کے حالات دیکھیں تو ایسے وقت بے اختیار دل سے دعا نکلتی ہے کہ اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔  

Sunday, 16 February 2020

اب تو دیر ہوگئی خان صاحب

بہت دنوں سے شور سنتے ہیں کہ حکومت نے الیکٹرانک میڈیا پر پابندیاں لگانے کے بعد اب سوشل میڈیا کو بھی اپنے کنٹرول میں رکھنے کا منصوبہ بنا لیا ہے بلکہ اس سلسلے میں ہر حکومت کے ہر دلعزیز وکیل فروغ نسیم نے کابینہ سے کوئی بل پیش کرکے دستخط بھی لے لئے ہیں ۔ اب اگر کوئی کہے کہ یہ اچانک ہوا تو ایسا نہیں، اور ایسا کیوں نہیں تو اس کی بہت ساری مثالیں دی جاسکتی ہیں جیسے کہ جب عمران خان کنٹینر پہ کھڑے نواز شریف حکومت کے خلاف بولتے تھے تو یہی الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا ان کی طاقت بن رہا تھا۔ عمران خان ایک متحرک آدمی ہے وہ چیزوں کو ہوتے دیکھ کر بس دیکھتا نہی بلکہ اس کی ریسرچ کرتا ہے اس سے سیکھتا ہے اور پھر اپنی مرضی و منشا کے مطابق اسے استعمال کرتا ہے جیسے میڈیا کو کیا۔ عمران خان کو قتدار میں آنے کے بعد جب مشکلات کا سامنا تھااور پاکستانی میڈیا مسلسل تنقید کرتا رہا کہ عمران خان کو امور ریاست کی سمجھ نہیں یا عمران خان کی کابینہ نالائق لوگوں سے بھری ہے یا یہ کہ پاکستان تحریک انصاف تو اغوا ہوگئی اس کے اپنے وزیروں کی بجائے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے وزرا ہی اقتدار میں نظر آتے ہیں اور اس بات سے عوام میں تشویش پھیلتی دیکھ کر عمران خان نے فیصلہ کیا کہ "فی الحال" الیکٹرانک میڈیا کو فوری طور پر خاموش کروانا چاہیے کیونکہ وہ دیکھ چکے تھے کہ ان کو اقتدار میں لانے والوں میں ایک ہاتھ میڈیا کا بھی تھا اور وہ اس کی طاقت اور اہمیت کا اندازہ بخوبی لگا چکے تھے ۔ عمران خان کا خیال تھا کہ اگر فوری طور پر میڈیا کو کنٹرول نہ کیا گیا تو عوام ان سے بد دل ہوجائیں گے اور پھر ان کے اقتدار کو خطرہ ہوگا۔ اسلئے مجھے اس بات کا اندازہ عمران خان کی حکومت کے پہلے چھ ماہ میں ہی ہوگیا تھا کہ اس وقت ہر تنقید کرنے والے کی آواز کو دبایا جائے گا صرف وہی آواز سنائی دے گی جو عمران خان کے حق میں بولتی ہوگی یا اگر ہم خان کے حامیوں کی زبان میں بات کریں تو صرف پرامید اور مثبت سوچ کے حامیوں کو آزادی اظہار کی اجازت ہوگی ۔ پھر آہستہ آہستہ وہ الیکٹرانک میڈیا کو کنٹرول کرتے گئے اور اب بات آگئی گلوبل ولیج کے سوشل نیٹ ورک کی۔جہاں ایک شخص اپنے گھر کے کسی حصے میں بیٹھا ساری دنیا سے محض ایک کلک کے ذریعے براہ راست رابطہ کرسکتا ہے۔ گو کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں کسی بھی ایسے آزاد فورم کو عام ہونے سے پہلے کنٹرولنگ پالیسی بنا لینی چاہیے تھی جیسے کہ2001/2000 میں جب جنرل مشرف نے انٹر نیٹ کو بنا کسی کنٹرولنگ اسٹریٹجی کے عام کردیا تو ہم کچھ نوجوانوں نے اس وقت بھی احتجاج کیا تھا کہ جس معاشرے میں تعلیم عام نہیں۔ عوام جہالت میں اسلام کی پردہ پوشی اور سماجی اصلاحات کا زبردستی نفاذ چاہتے ہوں۔الیکٹرانک میڈیا پر چلنے والے اشتہار اور ڈرامے بھی بہت کنٹرول پالسی کے تحت چل رہے ہوں۔ جہاں مدرسوں میں پڑھنے والے طالبعلموں کو عورت کے نام سے بھی دور رکھا جاتا ہے اور ان کی تربیت میں عورت کو صرف چولہا چوکھا اور مرد کی خواہشات کی تکمیل کے لئے ہی بنایا گیا ہے وہاں یکدم انٹر نیٹ کے ذریعے کھلی آزادی دے دی جائے کہ جو چاہو "دیکھو" کیونکہ ہمارے یہاں کوئی بھی شے ہنر سیکھنے کے لئے استعمال تو ہوتی نہیں ہر کسی کو تفریح درکار ہوتی ہے۔ تو جس بات کا ہمیں خوف تھا وہ ہم نے آج معصوم بچوں اور بچیوں کے ریپ اور قتل کی شکل میں دیکھ لی۔ ہم نے اس وقت اسی خاطر شور مچایا تھا کہ صرف وہ سائیٹ کھولنے کی اجازت ہو جہاں تعلیم و تربیت اور ہنر سیکھنے کا موقع ملے۔ لیکن ہم جیسوں کی کمزور آواز نے کسی کے کان پر جوں بھی نہ رینگنے دی ۔ اب بیس سال کی بے لاگ آزادی کے بعد یکدم سے پابندی لگانا کوئی ایسا آسان نہیں اور نہ ہی یہ مناسب ہے۔ اب لوگوں نے ا پنے مسائل کے حل کے لئے سوشل میڈیا کو راستہ بنا لیا ہے اب لوگ محض تفریح نہیں بلکہ اس سے سنجیدہ کام لیتے ہیں۔ اس وقت عمران خان کا سوشل میڈیا کےلئے کوئی ریگولیٹری پالسی بنانا یا اسے اپنی منشا کے مطابق چلانا ممکن نہیں نظر آتا کیونکہ یہ فیس بک انسٹا گرام اور ٹیوٹر وغیرہ کسی ایک ملک کی پالیسی کے ماتحت نہیں بلکہ اس میں براہ راست ساری دنیا کے باشندوں کو ملکیت دے دی گئی کہ آزادانہ طور پر اسے استعمال کریں ۔ جب صورتحال ایسی ہو تو پھر ہر ایک سے حق واپس لینا ذرا مشکل بات ہے ۔ البتہ عمران خان چاہیں تو جیسے کچھ عرصہ قبل عرب امارات میں انٹر نیٹ گیٹ وے پر پہرہ تھا ان کی طرح اس کے استعمال کو مکمل روک سکتے ہیں یا کم سے کم استعمال کا حل نکال سکتے ہیں لیکن اگر عمران خان چاہیں کہ ان کی مخالفت میں لکھا گیا جملہ خود بخود ان کے حق میں بدل جائے تو اس خواہش کی تکمیل تو اس وقت کسی جِن کے بس میں بھی نہیں۔ خان صاحب کا خدشہ یقینا درست ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کی حکومت پر تنقید بہت سے بااثر حلقوں کو بھی "کچھ اور"سوچنے پر مجبور کردیں گے لیکن اس خدشے کا حل سوشل میڈیا پہ پابندیوں سے نہیں نکلتا۔ میرا خیال ہے کہ عمران خان جو سوشل میڈیا ٹیم بنا رہے ہیں وہ اس سلسلے میں ان کی مددگار ہو سکتی ہے جو خان صاحب کی اچھی پالسیوں اور کارکردگی کو اجاگر کرتی رہے ۔ ہم نے ڈیفینس پیجز پر مختلف ٹیموں کو کاونٹر نیرٹو دیتے ہوئے دیکھا ہے اور اس سے ادارے کو بہت فائدہ ہوا۔ یہی مشورہ خان صاحب کو بھی ہے کہ آپ کسی بھی صورت سوشل نیٹ ورکنگ کو روک نہیں سکتے کیونکہ اب تو بہت دیر ہوچکی ہے البتہ آپ اس کا موثر جواب لے آئیے اور اسی میدان میں اپنے مخالفین کا مقابلہ کیجئے اور وہ بھی ڈٹ کر! 

Saturday, 1 February 2020

مشاہد اللہ خان سے معذرت کے ساتھ

جو لوگ میرے کالم اور مضامین پڑھتے ہیں انہیں یاد ہوگا کہ میں نے چند ہفتے پہلے ایک کالم لکھا تھا جس میں پی آئی اے سے متعلق ہونے والی سینٹ کی ایک کمیٹی کا احوال درج تھا ۔ یہ کالم دو حصوں میں شائع ہوا تھا۔ پہلا پی آئی اے میں بھرتی جعلی ڈگری والے افراد کے خلاف کاروائی کی پراگریس رپورٹ اور دوسرے میں ائیر مارشل ارشد ملک کی معاون خصوصی کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے کا معاملہ خصوصا ذکر کیا تھا۔ 

چند روز قبل جب میں پارلیمنٹ گئی تو میری ملاقات سینٹر مشاہد اللہ خان سے ہوئی۔ اس وقت آرمی ایکٹ پر ن لیگ کے یو ٹرن بلکہ اباوٹرن پر سب حیران تھے ۔میں نے ان سے سوال کیا کہ آخر یہ اتنا بڑا یوٹرن اور وہ بھی یکدم لینے کا کیا سبب تھا۔  ووٹ کو عزت دو سے بوٹ کو عزت دو کیسے ہوگیا تو سینٹر مشاہد اللہ خان کراچی والے مخصوص انداز میں کہنے لگے ارے آپ دیکھئے تو ہم ان کے ساتھ کرتے ہیں ۔۔ بس دیکھئے تو سہی۔ 

آپ کو پتا ہے کہ اس طرح کے ڈائیلاگ صرف سیاسی ڈراموں کا حصہ ہوتے ہیں البتہ جو کچھ نوجوان نسل کے ذہنوں کے ساتھ یہ سیاستدان کرگئے اس کا حساب کون دے گا؟ یہی سوچ کر میں نے پھر کہا کہ آپ کو احساس پے کہ آپ نے اپنی پارٹی کے نوجوان کے ساتھ کیا کیا؟ ان کو کیسا دھچکا لگا؟ میرے سوال کے جواب میں انہوں نے لاپرواہی سے کہا۔ کیا ہوا نوجوانوں کو؟ کچھ بھی نہی ہوا۔ اب میں انہیں کیسے سمجھاتی کہ شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگانے والے نوجوان "ایک نہتی لڑکی سے ڈرتے ہیں بندوق والے" جیسے بیانیہ کے بعد اس طرح خاموشی سے معا ملہ کتنا عجیب ہے۔نوجوان  ان کی طرح مصلحت و مفاد پسند نہیں اور ان کے اس اقدام سے انہیں بہت تکلیف پہنچی تھی ۔ یہی حال پی ٹی آئی کے کارکن کا ہے ۔ وہ عمران خان کے کرپشن مخالف نعروں پر فدا ہوئے ۔ "چوروں کو پکڑوں گا ۔ میں قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لاوں گا۔" کوئی این آر او نہیں دونگا کسی کو "۔ میں چوروں سے ہاتھ نہیں ملاونگا "اور پھر ۔۔ خان نے وہ سب کیا جو کہا تھا کہ" نہیں کروں گا" ۔ 

نوجوان مصلحت اندیشہ نہیں ہوتا اس کے جذبات اس کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں وہ جو سوچتا ہے وہ کرتا یے اور وہی عملی طور پر ہوتا دیکھنا چاہتا ہے جس کا خواب دیکھا ۔ مسلم لیگ نواز کے کارکنوں کو شدید مایوسی ہوئی جب آرمی ایکٹ کی حمایت میں خاموشی سے ووٹ ڈال دئیے گئے اب تک جو نعرہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف مریم نواز اور نواز شریف نے لگایا اس کی عملی نفی نے ان کی پارٹی کے نوجوان کو بددل کیا ویسے ہی جس طرح عمران خان نے اپنی حکومت کے اعلی عہدوں پر انہیں کو بٹھا دیا جن کے خلاف تقریریں کرکے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔

مشاہد اللہ خان سے اسی طرح سوال کررہی تھی کہ اچانک انہیں جیسے یاد آگیا اور یکدم مجھ پہ برستے ہوئے بولے "بڑا اچھا کالم لکھا آپ نے سارا میرے ہی خلاف لکھ دیا" میں اس حملے کے لئے تیار نہ تھی اور نہ ہی اندازہ تھا کہ انہوں میرا کالم جو ایوی ایشن کی کمیٹی کی رپورٹ سے متعلق تھا،پڑھا ہوگا بتاتی چلوں کہ اس کے دو حصے تھے ایک میں یقینا مشاہد اللہ خان کے پی آئی اے میں ملازمت کے دوران مرعات لینے اور اپنے بھائیوں کو نوازنے سے متعلق کچھ باتوں کا ذکر تھا البتہ اس میں میرا ارادہ عوام کو سیاسی کرداروں کی تقاریر اور عملی زندگی میں مفادات کے حصول سے متعلق موازنہ پیش کرکے رہنمائی دینا تھا کہ ووٹ دینے سے قبل تحقیق کیجئے اور بعد ازاں جب یہ سیاسی لیڈر اقتدار میں ہوں تو ان کو یوں جانے نہ دیجئے جب تک وہ قوم سے کئے وعدے نہ نبھائیں ۔ 

اس کالم کا دوسرا حصہ ائیر مارشل ارشد ملک کی پی آئی اے میں اپنے لوگوں کو نوازنے کی کہانی تھی اور اس حصے میں مجھے لگتا ہے کہ میرے الفاظ زیادہ سخت تھے ۔ میں نے قوم کی ماوں بہنوں کی عزت کے محافظوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ وہ محافظ نہیں لٹیرے بن گئے ہیں کہ پی آئی اے میں ملازمت کے دوران خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات کے پیچھے ائیر مارشل کے معاون خصوصی کامران انجم ہر انکوائری میں پائے گئے۔ اس معاملے پر میں نے سینیٹر مشاہد اللہ خان کی تعریف بھی کی تھی کہ انہوں بہت موثر انداز سے ائیر فورس کے حکام کو شرم دلانے کی کوشش کی اور ساتھ ہی ساتھ اس معاملے کی سنگینی کا احساس بھی دلاتے رہے۔

ایک صحافی کی مجبوری یہی ہے کہ وہ جن کے خلاف لکھتا ہے وہ اس سے ناصرف ناخوش رہتے ہیں بلکہ بعض اوقات اس کے لئے مسائل بھی کھڑے کردئیے جاتے ہیں ۔ لیکن کیا کیجئے اس شعبے کو اختیار کرنے سے پہلے ہم یہ کڑوی گولی نگل چکے تھے کہ سچائی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ البتہ انسان ہیں اس لئے کسی کی دل آزاری پہ نادم بھی ہوجاتے ہیں کہ کاش یہ سیاست دان اور بڑے اداروں کے اعلی افسران اپنی پوزیشن کا ناجائز استعمال کرنے سے قبل سوچ لیا کریں کہ کل کو جوابدہ بھی ہوں گے ۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان کسی زمانے میں ہمیں بھی بہت عزیز تھے لیکن جوں جوں وہ سیاست میں ترقی کرتے گئے ہمارے دلوں سے بھی اترتے گئے کیونکہ ہم نے ترقی صرف ان کی زندگی میں دیکھی ملکی معیشت اور عوام کی زندگی میں محض مایوسی دیکھی ۔ سینیٹر مجھ پہ غصہ کرتے رہے کہ میں نے ان کے خلاف کیوں لکھا اور اس کی وجہ ان کے خیال میں کوئی ذاتی عناد تھا۔ مجھے افسوس تھا کہ وہاں موجود بیشمار صحافی اس زیادتی پر خاموش رہے کہ ایک سیاست دان ان کے سامنے صحافی کو غلط ثابت کررہا ہے محض اس لئے کہ بات ان کے خلاف لکھی گئی ۔ دوسری طرف وہ اس بات کا اعتراف بھی کررہے تھے کہ اگر ان کے بھائی نے تین سال کی بجائے پانچ سال بیرون ملک پوسٹنگ رکوالی تو کونسی قیامت آگئی یہ تو سبھی کرتے ہیں کونسی نئی بات تھی ؟ حالانکہ یہ بات تو سبھی سمجھتے ہیں کہ عام آدمی اصولوں کی خلاف ورزی کرے تو وہ اس کا انفرادی عمل ہے اور وہ اس کا جوبدہ اپنی حیثیت کے مطابق ہی ہوگا۔جب کہ سیاست دان جو ووٹ لے کر عوام کا نمائندہ منتخب ہوتا ہے اس کے لئے اس طرح کے مفادات لینا ،پبلک آفس کے اختیارات کا ناجائز استعمال کہلائے گا اور اس کا احتساب بھی عہدے اور اختیارات کے حساب سے ہوگااسلیے  یہ کہنا کہ سب کرتے ہیں یہ کسی طور مناسب نہیں۔ چونکہ سیاستدان اپنے ہر عمل کا جوابدہ ہے اسلئے یہ ہمارا حق ہے کہ ہم بیباک سوال کریں۔ لیکن اس بات کا حق کسی کو نہیں پہنچتا کہ وہ اپنے مخالف لکھی ہوئی بات کو جھوٹ کہہ کر صحافتی اقدار کی تضحیک کرے۔ہاں یہ ہوسکتا ہے کہ کبھی کہیں غلطی ہوجائے کبھی ہم اپنے سورس آف انفارمیشن کی خبر کو سمجھنے میں غلطی کرتے ہیں اور پھر اس پر رجوع بھی کرلیا جاتا ہے اس میں حرج بھی نہیں کیونکہ مقصد کسی کی ذات پر حملہ نہیں بلکہ اس کے معاملات کا احاطہ کرنا ہوتا ہے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان میرے بزرگ اور قابل احترام ہیں لیکن جب بات ہوگی کہ انہوں نے اپنے عہدے کا استعمال کس طرح کیا ؟ تو پھر ہماری آواز کو دبایا نہ جائے ۔ ائیر مارشل ارشد ملک کی تقرری چیلینج ہوئی اور عدالت نے انہیں عہدے پر کام کرنے سے روک دیا اگر وہ بھی اٹھ کر اس کا الزام بھی ہمارے سر ڈال دیں تو یہ ایک لطیفہ ہوجائے ، کیونکہ  اتنی سمجھ تو سب کو ہے کہ کسی صحافی کے قلم کی طاقت چاہے جتنی بھی ہو وہ حقائق کو نہیں بدل سکتی اور نہ کوئی ثبوت گھڑ سکتی ہے جو عدالت میں پیش ہوئے۔ یہ کیس پی آئی اے کے قواعد و ضوابط کے برعکس تقرری کا تھا جو احسن طریقے سے نمٹا دیا گیا۔ مجھ جیسے بےشمار لوگ اس ملک کی خدمت کے جذبے سے سرشار عوام کی فلاح کی خاطر لکھتے ہیں اس میں ذاتی نفع یا کسی کے ساتھ بغض و عناد بنیاد نہیں ہوتا۔ مجھے افسوس ہے کہ بعض صحافی دباو کا شکار ہوجاتے ہیں اور اکثر مفاد کی خاطر سمجھوتہ کرلیتے ہیں ۔ میں کوئی ایسی نامور لکھاری تو نہیں لیکن میرے رب نے میرا دل خوف اور لالچ سے پاک رکھا ہے۔ مجھ سے غلطی ہوسکتی ہے لیکن جان بوجھ کر کسی کے خلاف جھوٹ نہیں گھڑتی۔کوئی فوجی ہو یا سیاستدان ، ہمارا آپس میں ہم وطنی اور احترام کا رشتہ ہے اور مشترک ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی ہے۔ سب اپنی اپنی جگہ کام کرتے ہیں اور جب کوئی اپنے راستے سے ہٹنے لگے تو دوسرے کا کام اسے ٹوکنا ہے۔البتہ اس میں صرف فرض شناسی کا عمل دخل ہونا چاہیے نا کہ لالچ یا دباو کے تحت مفاد پرستی۔ 

Sunday, 22 December 2019

اداروں کی نااہلی اور ریاست مدینہ


‏زمانہ جاہلیت میں آفات اور بلاوں کو ٹالنے کیلئے معصوم انسانوں کی قربانی دی جاتی تھی. زمانہ بدل گیا لیکن رسم نہیں بدلی ۔ہمارے سوئے ہوئے ضمیر کی بلا کو جھنجھوڑنے کیلئے بھی ہر چند دنوں بعد معصوم لہو بہا کر ریاست اور اس کے ادارے اپنے فرض کی بلا کو ٹالتے ہیں۔ بجائے یہ کہ اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے حصے کی آفات کو کنٹرول کرنے کے لئے وقت سے پہلے اقدامات کریں یہ معصوم شہریوں کو قربانی کا دنبہ بناکر بری الذمہ ہوجاتے ہیں۔ 
اداروں کی نااہلی کی ایک سے بڑھ کر ایک مثال ہے جیسے ماڈل ٹاؤن جیسا سانحہ یا آرمی پبلک کے بچوں کی شہادت کا المناک واقعہ ہوا۔ دونوں سانحات کی انٹیلجنس اطلاعات پہلے سے متعلقہ اداروں کو فراہم کردئ گئی تھیں لیکن پھر بھی موثر روک تھام کا کوئی ثبوت نہیں ملا آج تک۔ سانحہ ساہیوال ہوا اور پھر ایک معذور شخص صلاح الدین کا پولیس کے زیر حراست تفیش کے دوران تشدد سے چل بسنے سے قبل یہ دردناک سوال سامنے آیا کہ "تم لوگوں نے مارنا کہاں سے سیکھا" ۔ سچ تو یہی ہے کہ ان لوگوں نے مارنا کہاں سے سیکھا ؟ کسی ادارے نے سر ندامت سے نہ جھکایا اور نہ ہی اپنی کوتاہی کا کوئی سدباب کیا۔ 
ابھی حال ہی میں جو غدر لاہور پنجاب انسٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں وکلاء نے مچایا اور اس وکلاء گردی کا تماشا ساری دنیا نے دیکھا اس کے بعد صلاح الدین کے سوال کی اہمیت بڑھ گئی۔ دو فریقین کے جھگڑے نے کئی معصوم انسانوں کی جان لے لی۔ کتنے گھرانوں کے چراغ گل ہوئے اور کتنے بچے یتیم ہوگئے۔ حکومت کی رٹ کہیں نظر آئی نہ کہیں کوئی ایکشن ہوتا نظر آیا۔ عوام کی اکثریت نے جان لیا کہ یہ ریاستی ادارے بانجھ ہیں یہاں سے دادرسی ممکن نہیں ۔ 
میں سوچتی رہی کہ ارباب اختیار کس روز ہوش میں آئیں گے، کیا ‏کل جب عوام ہی میں سے ایک بپھرا ہوا جتھہ اٹھے گا اور امراء و اشرافیہ کے بڑے مہنگے ہسپتالوں پہ دھاوا بولے گا اور خدانخواستہ کسی منسٹر کی یا کسی بیوروکریٹک کے کسی عزیز کی یوں جان جائے گی جیسے گذشتہ روز وکلاء کی ہسپتال پر حملہ کے دروان غریب لوگوں کی جان گئی تب انہیں ہوش آئے گا کہ ریاستی ادارے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام رہیں تو ان عوام کے اندر کی آتش کسی روز ان کے گھر کو بھی جلا سکتی ہے ؟
لوگ اس روز دھمکی آمیز وڈیو پیغام ریکارڈ کرکے نکلنے والے وکلاء کے نعرے سن کر حیران رہ گئے جو باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے نکلے کہ آج ہم ڈاکٹرز کو بتائیں گے ریاست مدینہ(بقول وزیر اعظم عمران خان) میں سب سے بڑے بدمعاش تو ہم ہیں دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز کو مریضوں کی جان بچانےسے زیادہ اہم کام ٹک ٹاک پہ مخالفین(وکلاء) کو طیش دلانا تھا۔ دونوں فریقین نے خود کو ایک دوسرے سے زیادہ طاقتور ثابت کرنے کے لئے عوام کی جانیں ضائع کردیں۔
ہم جب ٹی وی پر یہ ہولناک مناظر دیکھ رہے تھے تو خیال آیا کہ عوام ‏آئیندہ مقدمات کے لئے وکیل نہ کریں بلکہ چار غنڈے لے جاکر مخالف کے گھر پہ حملہ کردیں۔ اس واقعہ سے تو ریاست کی جانب سے عام آدمی کو یہی پیغام ملا ہے کہ یہی بہتر راستہ ہے فوری انصاف کا اور جس قدر وکلاء کی فیس ہوتی ہے اس سے بھی کم خرچ ہوگا۔ اسے کہتے ہیں سستا اور فوری انصاف۔
‏قانون کے رکھوالوں کے ہی کندھوں پہ قانون کاجنازہ نکلا اور وہ بھی بڑی دھوم سے !
 برملا کہوں گی کہ اس ریاست میں قانون صرف طاقت کاچلتاہے۔ طوطی صرف مافیا کا بولتا ہے ۔جینےکاحق صرف بدمعاش کو ہے۔انصاف تو فقط شوکیس میں سجانے کی شے ہے۔ارباب اختیار اپنی دنیا میں مست اور عوام وہ بھینس بنے ہیں جسے سیاستدان جدھر چاہے ہانک دے۔
وزیر اعلی پنجاب بزدار صاحب اس روز اسلام آباد وزیر اعظم کی قدم بوسی فرما رہے تھے اور ہم جیسے ہوم منسٹر کی تلاش میں تھے کہ اچانک انکشاف ہوا یہ قلمدان بھی خود حضرت عثمان بزدار نے اپنے گھر کے کسی ٹرنک میں محفوظ رکھ چھوڑا اور بھول گئے کہ پنجاب جیسا بڑا صوبہ بنا کسی ہشیار ہوم منسٹر نہیں چل سکتا لیکن کیا کیجئے۔ کرکٹ کے شوقین ووٹ دے کر کپتان لائے اور کپتان صاحب کو بزدار صاحب کی شکل میں وسیم اکرم مل گیا(اصلی وسیم اکرم سے معذرت) یا یوں کہیے کہ وہ بضد ہیں کہ یہی وسیم اکرم ہے۔ 
اس وقت ملک میں یہ بحث چل رہی ہے کہ ‏اگر ریاست واقعی کسی قابل ہے تو ہنگامہ آرائی کرنے والے  وکلاء کی شکلیں پہچاننا کچھ مشکل نہیں کیونکہ تمام وڈیوز وائرل ہیں جب وہ کئی میل سفر طے کرتے ہوئے خود وڈیوز بنا کر دراصل ریاست مدینہ کو چیلنج کررہے تھے کہ یہاں اگر کسی کا قانون چلتا ہے تو وہ ہم ہیں ۔ 
عوام کی اکثریت نے سوشل میڈیا پر ان وکلاء کے لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔کچھ نے کہا ہسپتالوں میں انکا علاج نہ کیاجائے ۔انکا سماجی بائیکاٹ کریں۔ کوئی ادارہ انکی حمایت نہ کرے۔ان کو گرفتار کرنے اور میڈیا پر ان کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ۔کئی نیوز چینلز نے کہا کہ وہ وکلا کو آئیندہ کورج نہیں دیں گے نہ کوئی ایونٹ کور نہ کریں گے۔
الغرض غم و غصے کا اظہار مختلف انداز سے کیا جارہا ہے لیکن ہمارا سوال تو ریاست مدینہ کے والیوں سے ہے کہ آخر کب تک ہم نااہلی کا رونا روتے رہیں گے اور عوام جان سے ہاتھ دھوتے رہیں گے ؟

Thursday, 19 December 2019

میرے خدشات درست تھے؟

رات 2 بج چکے تھے جب امی کی آنکھ کھلی اور انہوں نے مجھے نیند سے بھری ہوئی آنکھوں کے ساتھ ٹی وی سکرین پہ ناچتے کیڑوں کو گھورتے تو دیکھا تو بولیں " ابھی تک جاگ رہی ہو؟ سو جاو ۔ صبح پتا چل جائے گا کہ کیا ہوا ۔چھوڑ دو اس ٹی وی کی جان"۔ میں نے ہلکا سا سر ہلایا اور سرگوشی میں کہا "سو جاوں گی پہلے دیکھ تو لوں کہ بندہ کون ہے جس نے ٹیک اوور کیا" میں ابو کے ڈر سے امی کو اشارے کررہی تھی کہ آہستہ بولیں ابو جاگ گئے تو میری شامت آجائے گی کہ ابھی تک کیوں اس کیمرے میں تنہا بیٹھی ہو۔اب انہیں کون سمجھاتا کہ میری چھٹی حس کس بات کا اشارہ دے رہی ہے۔ اس رات 3بجے کا وقت ہوگیا شاید جب اچانک ٹی وی سکرین پہ ناچتے کیڑوں نے ایک شکل اختیار کرلی جسے دیکھتے ہی میرا ماتھا ٹھنکا ۔ جنرل پرویز مشرف مارشل لاء نافذ کرنے کے حوالے سے قوم سے خطاب فرما رہے تھے اور میرے وجدان کی کھلی کھڑکیاں دھڑا دھڑ تباہی و بربادی کے پیغام براہ راست میرے دل و دماغ کو پہنچاتی تھیں۔ 
اگلے روز صبح دیر تک سونے کے بعد نماز ظہر کی بانگ پہ آنکھ کھلی ۔ تھکی تھکی سی اٹھی اور بلیک کافی(ان دنوں مجھے بلیک کافی کی لت پڑی ہوئی تھی) کا مگ اٹھایا اور کافی لے کر پھر ٹی وی کے سامنے بیٹھ گئی۔ سارا دن میری خاموشی کو گھر والوں نے بہت شدت سے محسوس کیا۔ شام کو میجر نے ڈیوٹی سے آتے ہی دروازہ کھٹکا کر میرے لئے پیغام چھوڑا کہ کیانی کو بھیج دیں اوپر (اپر فلور فلیٹ میں )۔ 
میرے جانے تک وہ کپڑے بدل کر نماز مغرب پڑھ چکے تھے۔ مجھے دیکھتے ہی شرارتی انداز سے مسکرائے ۔ " ہاں بھئی مس کیانی۔ آخر الٹ ہی دیا تختہ بچارے نواز شریف کا  " میں نے انہیں ناگواری سے گھورا تو ہنستے ہوئے بولے " ارے تم ہی تو پیچھے پڑی تھی نواز شریف کے یہ کردیا وہ کردیا اس کا جانا ضروری ہوگیا وغیرہ وغیرہ " وہ ہنس رہے تھے لیکن میرا موڈ خراب تھا۔ 
میں بڑبڑاتی ہوئی بولنے لگی : نواز شریف کے غلط فیصلے اور ساری طاقت اس کے ہاتھ جمع ہونے کے سبب مجھے اعتراض تھا کہ صدر بھی اس کے سامنے بے بس اور ادارے بھی ۔ اس طرح اچھا بھلا بندہ فرعوں بن جاتا ہے اور ان لوگوں کے اندر تو یوں بھی فرعونیت اور تکبر کے جراثیم خاصے زیادہ ہیں عام لوگوں کی بہ نسبت" ہم ابھی باتیں کررہے تھے کہ باقی لوگ بھی آگئے۔ میں بار بار اس خدشے کا اظہار کررہی تھی کہ جنرل مشرف کو دیکھ کر مجھے اچھی فیلنگ نہیں آئی یہ بندہ اس ملک میں تباہی لائے گا ۔ میں بہت خون خرابہ دیکھ رہی ہوں ۔ میری باتیں سن کر سب حیران ہورہے تھے کہ ابھی کل ہی تو اس بندے نے اقتدار پہ قبضہ کیا اور آج مجھے اس میں ہزار خرابیاں نظر آرہی تھیں ۔ 
آنٹی بولیں۔ " تم تو نواز شریف کے خلاف بول رہی تھی ابھی دو دن پہلے کہ اب نواز شریف کو ہٹانا ضروری ہوگیا اس نے یہ کردیا وہ کردیا اور آج تم جنرل کے خلاف بول رہی ہو۔ہمیں تو تمہاری سمجھ نہی آرہی ۔
باجی نے ہنس کر لقمہ دیا: اور نواز شریف کی الیکشن مہم بھی یہی چلا رہی تھی یاد ہے نا ؟ 
"ہاں ہاں ۔۔ ان کو تو جیت کے جشن میں بھی خصوصا انوائٹ کیا گیا تھا ۔۔۔ مہمان خصوصی " اب سبھی مختلف طنزیہ جملے پھینکنے لگے۔
مجھے پتا تھا کہ ان کو میری بات سمجھ نہیں آئے گی میں نے لاچارگی سے میجر کی طرف دیکھا تو ہمیشہ کی طرح انہوں نے شرارت سے میرے پاوں پہ چٹکی کاٹی اور ہنستے ہوئے بولے ۔ بھئی تمہیں اچھا نہیں لگتا تو نہ لگے ہم کون سا تمہاری شادی کروانے لگے ہیں جنرل مشرف سے ۔ اس پر سب نے قہقہ لگایا ۔ میں نے ناراض نظروں سے میجر کو گھورا تو میجر نے میری سرخ ہوتی ناک کی طرف اشارہ کیا ۔" اب تمہارا غصہ ناک پہ چمک رہا ہے" اور سب نے زور زور سے ہنسناشروع کردیا ۔ 
اس روز میں بالکل بھی خوش نہیں تھی ۔ کسی بات کو انجوائے نہیں کررہی تھی اور بالآخر میجر نے بھانپ لیا کہ میری پریشانی غیر معمولی ہے ۔ پھر کچھ دیر انہوں نے سنجیدگی سے میرے خدشات سنے اور مجھے تسلی دی کہ پاکستان کی سلامتی سےمتعلق تو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاک فوج کو دفاع کرنا آتا ہے ۔ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہے وغیرہ جیسی تسلیاں دیتے رہے ۔ لیکن میرا دل عجیب گھیراو کا شکار تھا۔ چند روز قبل زور و شور سے نواز حکومت کے خاتمے کو ضروری قرار دینی والی آج مشرف کو اقتدار پر قابض دیکھ کر پہلے سے بھی زیادہ پریشان تھی ۔ معاملہ کچھ ایسا تھا کہ میں کسی کو سمجھا بھی نہیں سکتی تھی۔
پھر 9/11 ہوگیا۔اس روز جب میں کمرے میں داخل ہوئی تو سامنے ٹی وی پر اسی وقت بریکنگ نیوز ابھری ( ان دنوں CNN دیکھا کرتی تھی خبروں کے لئے ) ٹاورز سے جہاز ٹکراتے دیکھتے ہی میرے منہ سے نکلا ۔ یہ کسی جنگ کا آغاز ہے! 
پھر جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا۔ اس سرزمین پہ اتنا لہو گرا کہ ایک لال تاریخ رقم ہوگئی۔مجھے یاد ہے اچھی طرح سے یاد ہے کہ لال مسجد کے واقعہ کے بعد ہم پہلی بار خودکش حملوں سے متعارف ہوئے ۔کیسا خوف تھا ہر طرف ۔ اف۔۔ کتنا خوفناک ماحول تھا لوگ بازاروں میں جانے سے خوف کھاتے تھے۔ ہر روز بیسیوں لوگوں کے مرنے کی خبر ملتی ۔ 
میرے خدشات درست تھے۔ مشرف ہمارے لئے کوئی اچھا مسقبل لے کر نہیں اترا تھا۔ معاملات کو فہم و فراست کی بجائے طاقت سے ہینڈل کرنے کے سبب ہم نے نقصان اٹھایا۔
میں نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے شاید کسی بھی عمل کی حمایت کبھی نہ کی ہوگی ۔ جب میڈیا کو یکدم آزاد کیا تب بھی اور جب پابندی لگائی تب بھی اختلاف کیا۔ جنرل مشرف بھی انتہا پسند آدمی تھا درمیان کا راستہ تو کوئی رکھا ہی نہیں۔
کتنا نقصان ہوا لوگوں کا جب ایمرجنسی لگائی تھی۔ میری شادی کو چند ماہ ہوئے تھے جب میرے ایک عزیز نے پیٹی بھر کر کروڑوں روپے میرے گھر میں لاکر رکھے کیونکہ جنرل مشرف نے بنک سیل کردئیے تھے ۔ ٹریڈرز کا پیسہ اور ٹریننگ سب رک گیا تھا۔ جن لوگوں نے تنخواہیں دینی تھیں یا جوائنٹ وینچرز تھے انہوں نے بنکوں سے پیسہ نکال کر گھروں میں رکھ لیا تھا۔ بہت لوگوں کا کاروبار رک گیا۔ مجھے ٹھیک سے یاد نہیں لیکن اس وقت ملک سے سرمایہ دار بھاگ رہا تھا شاید۔ 
پھر طالبان اور اکبر بگٹی والے معاملے کو بھی انتہا پسندی سے ہینڈل کیا گیا اور خمیازہ ساری قوم نے بھگتا۔ 
بس کیا لکھیں ۔ اب ہم جنرل پرویز مشرف کوہیرو بنا کر پیش کررہے ہیں محض عدلیہ کے ایک بھونڈے فیصلے کے سبب؟ 
ججوں کو خریدنا بھی کون سا مشکل ہے یہاں ۔ کسی کو جائیداد کسی کو بیرون ملک ملازمت تو کسی کو اقتدار میں حصہ دے کر اس کا ضمیر خرید لیا جاتا ہے ۔ 
میں نے بارہا کہا کہ اس پاپی نظام میں سچ کی گنجائش نہیں۔ یہاں کوئی کام جائز طریقے پر نہیں کیا جاسکتا۔ جو کالا بس اسی کا بول بالا۔ 
میرا اعتراض عدالتی فیصلے پر یہی تھا کہ اس کے میرٹ کو پرکھ لیجئے یوں لگتا ہے جیسے جان بوجھ کر ایک مرتے ہوئے شخص کو زندگی دے دی گئی۔ ایک ڈکٹیٹر کو ہیرو بنا دینے کا سہرا عدلیہ کے سر ہے ۔ کیا خبر کیا ملا اس کے عوض !